حمزہ خان نے شاندار کھیل پیش کرکے قوم کاسر فخر سے بلند کردیا،فہد ہارون

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی فہد ہارون نے ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن شپ میں کامیابی پر قوم کو مبارک باد دی ہے۔ جونیئر ورلڈ اسکواش چیمپئن میں شاندار کامیابی حاصل کرکے حمزہ خان نے پوری قوم کاسر فخر سے بلند کردیا ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں وزیر اعظم پاکستان کے معاون خصوصی براۓ پبلک کمیونیکیشن اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، فہد ہارون نے کہا ہے کہ حمزہ خان نے شاندار کھیل پیش کرکے پوری قوم کاسر فخر سے بلند کردیا ہے ۔

اپنے پیغام میں ان کا مزید کہنا تھا کہ، حمزہ خان نے جان شیر خان اور جہانگیر خان جیسے لیجنڈز کے نقش قدم پر چلتے ہوئے عالمی سطح پر اپنا اور ملک کا نام روشن کیا ہے۔ پوری قوم کی دعاٸیں آپ کےساتھ ہیں کہ آپ ہمیش اسی جذبے کے ساتھ پاکستان اور پوری قوم کا سر فخر سے بلند کرتے رہیں۔ اسکواش کے میدان میں ایک طویل عرصے بعد قوم کو جیت کی ایک بڑی خوش خبری ملی ہے۔

حمزہ خان نے مصر کے کھلاڑی محمد زکریا کو فائنل میچ میں تین ایک سے شکست دے کر ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن شپ جیتی ہے۔ واضح رہے کہ 37 سال بعد کوئی پاکستانی کھلاڑی ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن شپ جیتنے میں کامیاب ہوا ہے، اس سے قبل 1986ء میں جان شیر خان نے یہ ٹائٹل جیتا تھا۔