محرالحرام، کراچی سمیت 17 اضلاع حساس قرار

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اجلاس اتوار کو وزیراعلیٰ ہاوس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر بلدیات ناصر شاہ، مشیر قانون مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری سہیل راجپوت، آئی جی پولیس غلام نبی میمن، ایڈیشنل آئی جیز اور بذریعہ وڈیو لنک ڈی آئی جیز اور ایس ایس پیز نے اجلاس میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اضلاع میں امن و امان بحال رکھنے کیلئے پولیس افسران کو ضروری اقدامات کرنے کا حکم دیدیا۔ انہوں نے چیف سیکریٹری کو ہدایت کی کہ وہ 9 اور 10 محرم کو کمشنرز سے رابطہ میں رہیں۔ پولیس موبائلز کو گشت کیلئے بھرپور طریقے سے استعمال کیا جائے۔

ادھر حکومت نے محرم کے دوران کراچی سمیت 17 اضلاع کو غیر اعلانیہ طور پر حساس قرار دیدیا۔ جن میں قمبر شہداد کوٹ، کشمور، جیکب آباد، گھوٹکی، دادو، جامشورو اور خیرپور انتہائی حساس قرار دیئے گئے ہیں۔ محکمہ داخلہ نے پاک فوج کو الرٹ رکھنے کیلئے وزارت دفاع کو خط ارسال کردیا ہے، جس میں فضائی نگرانی کیلئے ہیلی کاپٹر کا بندوبست کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔ نیز 8 محرم سے عاشور تک موبائل فون بند کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ گھروں اور عام مقامات پر عزاداری اور مجالس وغیرہ پر پابندی ہوگی۔ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کارروائی کی جائے گی۔ سندھ میں امام بارگاہی، مجالس، جلوس، تعزیتی مجالس کی نگرانی کیلئے ڈرون کیمرے استعمال کئے جائیں گے۔