لاہور:سرگنگارام اسپتال سے ملحقہ گرلز ہاسٹل میں قائم کمرے کے کچن کی چھت گرنے کے واقعے میں ایک خاتون ڈاکٹرزخمی ہوگئی جسے طبی امداد کے لیے گنگارام کی ایمرجنسی میں منتقل کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سر گنگارام ہسپتال کے ڈریم لینڈ گرلز ہاسٹل کے متاثرہ کمرے میں مقیم ڈاکٹر مدیحہ کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ وہ اپنی ساتھی ڈاکٹر کے ساتھی کمرے کے کچن میں کھانا بنا رہی تھیں کہ اچانک کمرے کی چھت نیچے آگری،اس دوران وہ کسی طرح بچ نکلنے میں کامیاب ہوگئی مگر ان کی ساتھی ڈاکٹر اس واقعے میں زخمی ہوگئیں۔
ڈاکٹر مدیحہ کے بقول چھت گرنے کے باعث ساتھی ڈاکٹر کو سر ،ہاتھ اور پائوں پر چوٹیں آئیں جس پر انہیں طبی امداد فراہم کرنے کے لیے گنگارام اسپتال کی ایمرجنسی لے جایاگیا۔
پنجاب میں سرکاری اسپتالوں کی حالت زار کسی سے ڈھکی چھپی نہیں،گذشتہ دنوں لاہور کے سب سے بڑے سروسز اسپتال میں لوڈشیڈنگ اور ڈیزل کمی کے سبب ڈیزل نہ چلنے کے باعث علاج و معالجہ ٹھپ ہوکر رہ گیا تھا ،اس حوالے سے ڈاکٹرز نے آپریشن تھیٹر سے ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر اپلوڈ کی تھی جس میں انہوں نے بجلی کی بندش سے ہونے والی پریشانیوں کا ذکر کیا تھا۔