کولمبو: کولمبو میں کھیلے جا رہے آخری ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کی ٹیم شاہینوں کی یلغار کے سامنے 166رنز پر ڈھیر ہو گئی جبکہ پاکستان نے2 وکٹ کے نقصان پر 145 رنز بنا لیے، خسارہ پورا کرنے کیلیے مزید21رنز درکار ہیں۔
پہلی اننگز کا آغاز کیا تو 13 کے مجموعی اسکور پر قومی ٹیم کی پہلی وکٹ گر گئی۔ اوپنر امام الحق 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ شان مسعود51رنز بنا کر آئوٹ ہوئے،اوپنرعبداللہ شفیق 74 اورکپتان بابراعظم 8 رنز بنا کریز پر موجود ہیں۔
قبل ازیں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ شروع کی تو 9 رنز کے اسکور پر اوپنر نشان مدوشکا رن آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 4 رنز بنائے۔ انکے بعد آنے والے کسال مینڈس 6 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔
سری لنکا کی تیسری وکٹ 35 کے مجموعی اسکور پر گری، یہاں اینجلو میتھیوز 9 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ کپتان دیموتھ کرونارتنے 17 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
چوتھی وکٹ گرنے کے بعد دنیش چندی مل اور دھننجیا ڈی سلوا کے درمیان پانچویں وکٹ کی شراکت میں 85 رنز بنائے گئے لیکن 121 کے مجموعی اسکور پر 34 رنز بنا کر وکٹ گنوا بیٹھے۔
دنیش چندی مل کے آؤٹ ہوتے ہی سری لنکن بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور چھٹی وکٹ 122 رنز اور ساتویں وکٹ 133 رنز پر گر گئی۔ وکٹ کیپر بلے باز سدیرا سماراوکراما صفر اور دھننجیا ڈی سلوا 57 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ میزبان ٹیم کی آٹھویں وکٹ 136 رنز، نویں وکٹ 163 رنز اور آخری وکٹ 166 رنز پر گری۔
قومی ٹیم کی جانب سے لیگ اسپنر ابرار احمد نے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ نسیم شاہ 3 اور شاہین شاہ آفریدی ایک وکٹ حاصل کر سکے۔واضع رہے بارش کے باعث پہلے روز کا کھیل تاخیر سے شروع ہوا تھا۔
Abrar Ahmed runs through the lower order as Sri Lanka are bundled out for 1️⃣6️⃣6️⃣ at tea 👏#SLvPAK pic.twitter.com/Car2s0AEul
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) July 24, 2023