سرفراز نواز کی باؤلرز کو بلا معاوضہ ریورس سوئنگ سکھانے کی پیشکش

لاہور ( اُمت نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر سرفراز نواز نے قومی باؤلرز کو ریورس سوئنگ سکھانے کیلئے بلامعاوضہ خدمات پیش کرنے کا اعلان کر دیا۔
سابق فاسٹ باؤلر نے ایشیا کپ اور ورلڈ کپ 2023 سے پہلے باؤلرز کو ریورس سوئنگ سکھانے کی آفر کی ہے۔
سرفراز نواز اس وقت برطانیہ میں مقیم ہیں اور انہوں نے سربراہ مینجمنٹ کمیٹی پاکستان کرکٹ بورڈ ذکا اشرف کے نام خط میں 3 ہفتوں کے لیے اپنی دستیابی سے آگاہ کیا ہے۔
سابق باؤلر نے خط میں کہا کہ وہ چند روز میں دورہ پاکستان پر آ رہے ہیں اور اس دوران وہ باؤلرز کی کوچنگ کے لیے 3 ہفتوں کا وقت نکال سکتے ہیں۔
انہوں نے خط میں واضح کیا کہ وہ کرکٹ ٹیم کے لیے اپنی خدمات کا کوئی معاوضہ نہیں لیں گے تاہم مینجمنٹ کو سفری اور قیام کے اخراجات برداشت کرنا ہوں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی فاسٹ باؤلرز کو فائن ٹیون کر کے مزید بہتر پرفارمنس لی جاسکتی ہے۔