اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف راجا ریاض نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار کے نگراں وزیراعظم کے طور پر آنے کا مقصد یہ ہوگا کہ انتخابات دو سال نہیں ہوں گے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے راجا ریاض نے کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ اسحاق ڈار نگراں وزیراعظم ہوں گے۔ ان کے نگراں وزیراعظم ہونے کی صورت میں انتخابات کی کوئی ساکھ نہیں ہوگی جب کہ اسحاق ڈار کے نگراں وزیراعظم کے طور پر آنے کا مطلب ہوگا کہ انتخابات دو سال نہیں ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ بطور اپوزیشن لیڈر میں نگراں وزیراعظم کے لیے تین نام وزیراعظم کو دوں گا۔ ناموں کو حتمی شکل دینے کے لیے ساتھیوں سے مشاورت کر رہا ہوں۔ دو دن میں اپوزیشن اراکین سے حتمی مشاورت مکمل کرلوں گا۔
راجا ریاض نے کہا کہ اگست کے پہلے ہفتے میں نگراں وزیراعظم سے متعلق حتمی مشاورت کروں گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق موجودہ حکومت دو ہفتے بعد اپنی آئینی مدت پوری کر رہی ہے اور اس وقت نگراں سیٹ اپ کے لیے صلاح ومشورے جاری ہیں۔ سیاسی حلقوں میں نگراں وزیراعظم کے لیے اسحاق ڈار کے نام سے قیاس آرائیاں جاری ہیں تاہم حکومتی اتحاد پی ڈی ایم کی جماعتیں اس نام کی مخالفت کر چکی ہیں اب قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجا ریاض نے بھی اس حوالے سے اظہار خیال کر دیا ہے۔