ریاض: قرآن پاک کی بے حرمتی کے ہونے والے مسلسل واقعات کے بعد اسلامی ممالک کی تنظیم ’’او آئی سی‘‘ نے سویڈن کی خصوصی ایلچی کی حیثیت معطل کر دی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سویڈن کی خصوصی ایلچی کی حیثیت معطل کرنے کا فیصلہ او آئی سی کی ایگزیکیٹو کمیٹی اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں قرآن پاک کو جلانے کی ناپاک جسارت کی مذمت بھی کی گئی۔
اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سویڈن کی خصوصی ایلچی کی حیثیت کو معطل کرنے سے متعلق ان کے وزیر خارجہ کو آگاہ کردیا گیا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق او آئی سی کے رکن ممالک نے سویڈن میں ہونے والے اشتعال انگیزی اور نفرت آمیز رویے پر مبنی واقعے کی متفقہ طور پر شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ قرآن پاک کی بے حرمتی شہری اور سیاسی حقوق کے بین الاقوامی معاہدے کے آرٹیکل (19) اور (20) کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے سویڈن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مذہبی منافرت پر مبنی ایسے عدم برداشت کو ہوا دیتے ہیں اور معاشرے میں تفریق پیدا کرنے کا باعث بنتے ہیں۔
اعلامیہ کے مطابق او آئی سی کے سیکریٹری جنرل حسین براہیم طحٰہ نے ڈنمارک حکومت سے بھی قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعات کو روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات اُٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔