کولمبو: پاکستان نے سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز 5 وکٹوں کے نقصان پر563 رنز بنالیے جبکہ آئی لینڈرز کے خلاف قومی ٹیم کو 397 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔
کولمبو میں کھیلے جارہے سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز قومی ٹیم نے 178 رنز سے اننگز کا آغاز کیا، عبداللہ شفیق نے ڈبل سیچری اسکور کی، انہوں نے 326 گیندوں پر 19 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 201 بنائے، دیگر کھلاڑیوں میں کپتان بابراعظم 39 جبکہ سعود شکیل 57 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد 14 رنز بناکر ہیلمٹ پر گیند لگنے باعث ’’ریٹائرڈ ہرٹ‘‘ ہوئے جبکہ آغا سلمان 132 بناکر اور سرفراز احمد کے متبادل محمد رضوان 37 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
سری لنکا کی جانب سے اسھیتا فرنینڈو نے 3 جبکہ پرباتھ جے سوریا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔