اسلام آباد: پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں اختتام پذیر ہوئی۔ کانفرنس کی صدارت چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کی۔ کانفرنس کے دوران شرکاء نے خطے میں بدلتی ہوئی سمندری صورتحال، قومی سلامتی، جیواسٹریٹیجک امور اورجنگی تیاریوں سے متعلق متعدد موضوعات کا جائزہ اور سروس کی مختلف پالیسیوں پر تبادلہ خیال کیا۔
علاوہ ازیں، ملک میں جاری مون سون سیزن کے دوران ممکنہ سیلاب الرٹس کے پیش نظر قدرتی آفات سے متعلق امدادی کارروائیوں کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔نیول چیف نے پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت کا مؤثر انداز سے مقابلہ کرنے کیلئے مستقل جنگی تیاریوں کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔ انہوں نے تمام کمانڈز کو جاری مون سون سیزن کے دوران امدادی سرگرمیوں کیلئے پوری طرح تیار رہنے کی ہدایت کی۔
امیرالبحر نے جدیدٹیکنالوجیز کے حصول کے ذریعے صلاحیتوں میں اضافے کیلئے کیے گئے اقدامات کو سراہا اورملکی بحری سرحدوں کی حفاظت میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پاک بحریہ کی اعلیٰ آپریشنل تیاریوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس پاکستان نیوی کا اعلیٰ فیصلہ سازفورم ہے جس میں چیف آف دی نیول اسٹاف کی سربراہی میں پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور فیلڈ کمانڈرز پاک بحریہ کی پالیسیوں اور منصوبوں کا جائزہ لیتے ہیں۔