اسلام آباد( اسٹا ف رپورٹر)صدرآزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے وزیر اعظم آزادکشمیرچوہدری انوارالحق کی ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں تفصیلی ملاقات۔اس موقع پر ملاقات میں مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ظلم و بربریت پر شدید تنقید اور مذمت کی گئی کیونکہ بھارت میں مودی سرکار کشمیریوں کے ساتھ ساتھ خودبھارت میں بھی اقلیتوں پر ناروا سلوک روا رکھے ہوئے ہے اور مسلمانوں، سکھوں کے بعد اب ریاست منی پور میں عیسائیوں کے ساتھ ظلم کی انتہاءکر دی ہے جس طرح مودی نے گجرات میں مسلمانوں پر ظلم و بربریت کی انتہاءکر دی تھی ریاست منی پور جہاں پر بھی بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) کی حکومت ہے نے عیسائیوں پر ظلم کی انتہاء کر دی ہے جس پر یورپی یونین بھی تلملا اُٹھی ہے۔ لہذا انٹرنیشنل کمیونٹی بھارت میں اقلیتوں پر مظالم کانوٹس لے، اسی طرح مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی رکوانے کےلئے اپنا کردار ادا کرے۔ اس موقع پر صدر ریاست آزادجموں وکشمیر بیرسٹرسلطان محمود اور وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نےآزادکشمیر میں گڈ گورننس کے قیام اور کرپشن کے خاتمے کے لئے اقدامات سمیت عام آدمی کے مسائل حل کرنے پر بھی اتفاق رائے کیا۔ جبکہ آزادکشمیر میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی کاموں پر بھی بات چیت کی گئی۔ اس موقع پرصدرآزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اوروزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق کے درمیان باہمی دلچسپی سمیت دیگر امور پر بھی تبادلہ خیا ل کیا گیا۔