پشاور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان کو رہا کرنے کا حکم دیدیا، جسٹس اعجاز انور نے ڈپٹی کمشنر مردان کو آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ ایک ڈپٹی کمشنر کو عبرت کا نشانہ بنائیں گے تو پھر غیرقانونی کام کوئی نہیں کرے گا۔
نجی ٹی وی کے مطابق پشاور ہائیکورٹ میں علی محمد خان کی گرفتاری کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی،جسٹس اعجاز انور اور جسٹس فضل سبحان نے درخواست کی سماعت کی ۔
جسٹس اعجاز انور نے اے ڈی سی مردان سے استفسار کیا کہ علی محمد خان کو کیوں گرفتار کیا؟اے ڈی سی مردان نے کہاکہ ہم نے 3ایم پی او کے تحت علی محمد خان کو گرفتار کیا، جسٹس اعجاز انور نے کہا کہ علی محمد خان تو 2ماہ سے جیل میں ہیں، کس طرح علی محمد خان نے امن و امان کی صورتحال خراب کی؟کیا آپ کی اپنی سوچ نہیں، کوئی بھی آپ کو بتائے گا اور آپ کیس کریں گے۔
جسٹس اعجاز انور نے کہاکہ ڈپٹی کمشنر مردان آئندہ سماعت پر خود پیش ہوں،ایک ڈپٹی کمشنر کو عبرت کا نشانہ بنائیں گے تو پھر غیرقانونی کام کوئی نہیں کرے گا،پشاور ہائیکورٹ نے ڈپٹی کمشنر مردان کو 8اگست کو طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔