سری لنکا کو کلین سویپ ، کئی ریکارڈ قومی ٹیم کی جھولی میں آگرے

لاہور: پاکستان نے سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز تو جیت لی لیکن اس کے ساتھ ہی قومی ٹیم نے اس سیریز کے دوران کئی ریکارڈ بھی بنا لیے۔کولمبو میں آئی سی سی کے تیسرے ٹیسٹ چیمپئن شپ سائیکل کی پہلی سیریز جیت لی۔پاکستان سری لنکا کی سرزمین پر سب سے زیادہ ٹیسٹ سیریز جیتنے والی ٹیم بنی ۔

سیریز میں دو ڈبل سنچریاں بنیں اور ایک سنچری تو بولرز بھی پیچھے نہ رہے اور انہوں نے مخالف کھلاڑیوں کی وکٹوں کی جھڑی لگا دی۔ سعود شکیل سری لنکا کیخلاف اسی کی سرزمین پر ڈبل سنچری کرنے والے پہلے بلے باز بنے تو کیریئر کے ابتدائی سات ٹیسٹ میچز میں اتنی ہی نصف سنچریاں جڑنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بھی بن گئے۔

سعود کی دیکھا دیکھی عبداللہ شفیق نے بھی آستینیں چڑھائیں اور کولمبو ٹیسٹ میں ڈبل سنچری بنائی ۔شاہین آفریدی نے کم بیک پر 100 ٹیسٹ وکٹوں کا سنگ میل عبور کیا تو نسیم شاہ نے بھی 50 شکار مکمل کیے۔ نعمان علی بھی کسی سے پیچھے کیوں رہتے انہوں نے بھی کولمبو ٹیسٹ کی دوسری اننگ میں کیریئر بیسٹ 7 وکٹیں حاصل کر لیں۔سلمان علی آغا نے بال اور بیٹ دونوں سے کمال دکھایا اور سیریز کے بہترین کھلاڑی ہونے کا اعزاز پایا۔