کراچی(اسٹاف رپورٹر)ڈیفنس کے علاقے میں رکنِ صوبائی اسمبلی اسلم ابڑو کے بھائی اور بھتیجے کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم کے بلوچستان فرار ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں جبکہ واقعے میں استعمال کی جانے والی گاڑی کے مالک تک پولیس پہنچ گئی، گاڑی قانونی ہے اور کئی مرتبہ فروخت ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈیفنس میں ایم پی اے اسلم ابڑو کے بھائی اور بھتیجے کے قتل کے واقعے کی تفتیش میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں استعمال کی جانے والی گاڑی کے مالک تک پولیس پہنچ گئی، گاڑی قانونی ہے اور کئی مرتبہ فروخت ہوئی ہے۔پولیس نے بتایا کہ گاڑی جس کے زیر استعمال تھی اسے پولیس نے حراست میں لے لیا، واقعے میں مجموعی طور پر پولیس نے4افراد کو حراست میں لیا ہے جن سے پوچھ گچھ جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق زیرِ حراست 4 افراد میں ملزم کے 2 قریبی رشتے داربھی شامل ہیں جبکہ واردات میں استعمال ہونے والی کار کا بھی سراغ لگا لیا گیا ہے۔ذرائع نے بتایاکہ دہشت گردی میں استعمال ہونے والی کار پر اصلی نمبر پلیٹ لگی ہوئی تھی جس کی مدد سے ممکنہ ملزمان کا سراغ ملا ہے۔ذرائع کے مطابق کار 2008 میں رجسٹرڈ ہوئی جو بعد میں کئی مرتبہ فروخت ہوئی لیکن خریداروں نے نام پر ٹرانسفر نہیں کرائی اور گاڑی کراچی میں اوپن لیٹر پر چلتی رہی۔
26 جولائی کو کراچی کے علاقے ڈیفنس، قیوم آباد میں عائشہ مسجد کے قریب مسلح موٹر سائیکل سوار ملزمان نے کار پر فائرنگ کر دی تھی، جس کے نتیجے میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رکنِ سندھ اسمبلی اسلم ابڑو کے بھائی اور بھتیجا موقع پر جاں بحق جبکہ 2 افراد شدید زخمی ہو گئے تھے۔