ورلڈکپ،ٹکٹس کی آن لائن فروخت کب شروع ہوگی؟

اسلام آباد(اُمت نیوز)آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2023 کیلئے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کا آغاز 10 اگست سے شروع ہونے کا امکان ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بھارت میں شیڈول ورلڈکپ کیلئے شائقین کرکٹ کو اسٹیڈیم میں داخلے کیلئے فزیکل ٹکٹس کی ضرورت ہوگی البتہ شیڈول میں ردو بدل کے بعد ایسوسی ایشنز 31 جولائی تک ٹکٹوں کی قیمت کو فائنل کریں گی۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ میچز کے ٹکٹس آن لائن خریدنے کے بعد فینز کو کلیکشن سینٹرز سے فزیکل ٹکٹس لینا ہوگا، بعدازاں انہیں اسیٹیڈیم میں میچ دیکھنے کی اجازت ہوگی۔
فینز کی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے بڑی تعداد میں کلیکشن سینٹرز کو اسٹیڈیم کے قریب بنانے کیلئے کام شروع کردیا گیا ہے۔
بی سی سی آئی حکام نے کرکٹ ایسوسی ایشنز کو آئی سی سی اور بھارتی بورڈ کا کوٹہ رکھنے کا بھی حکم دیا ہے، جس میں 300 ٹکٹس فی میچ رکھے جائیں گے۔
ورلڈکپ میچز کے دوران ٹکٹوں کی حتمی قیمت سامنے نہیں آئی لیکن رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ لیگ میچز کے ٹکٹ کی قیمت 1200، بھارت کے میچ کے ٹکٹس کی قیمت 1300 سےزائد جبکہ ایسوسی ایشنز بھارتی بورڈ کو 500 جنرل ٹکٹس فی میچ فری دیں گی۔
گزشتہ روز بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سربراہ جے شاہ نے اعلان کیا تھا کہ رواں برس بھارت میں شیڈول ورلڈکپ میچز کیلئے کرکٹ فینز کو ای ٹکٹ کی سہولت دستیاب نہیں ہوگی، احمد آباد اور لکھنؤ جیسے بڑی گنجائش والے اسٹیڈیمز کے لیے میگا ایونٹس کے دوران ای ٹکٹس ممکن نہیں۔