پاکستان اور چین کے درمیان ایم ایل ون منصوبہ کی فنانسنگ کے معاملات طے

اسلام آباد(اُمت نیوز) پاکستان اور چین کے درمیان ایم ایل ون منصوبہ کی فنانسنگ کے معاملات طے پاگئے، ایم ایل ون منصوبے پر دستخط اگست کے پہلے ہفتے میں ہوں گے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی خصوصی دلچسپی کے باعث ایم ون منصوبے پر اہم پیشرفت سامنے آئی ہے،پاکستان اورچین کے درمیان ایم ایل ون منصوبہ کی فنانسنگ کے معاملات طے پاگئے ہیں۔ وزیراعظم کی زیرنگرانی منصوبے کی تفصیلات کو حتمی شکل دی گئی۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے منصوبے کی لاگت کم کرنے کیلیے چینی حکام کو قائل کیا۔ ایم ایل ون منصوبے پر 6ارب 50 کروڑ ڈالرز لاگت آئے گی، اس سے پہلے یہ لاگت ساڑھے8ارب ڈالرز تھی، جسے کم کرکے ساڑھے6ارب ڈالرز کیا گیا، پاکستان کی طرف سے منصوبے کی لاگت کم کرنے پر زور دیا گیا تھا، منصوبے کی کل لاگت کا15فیصد پاکستان مہیا کرے گا۔