کراچی(اُمت نیوز)نواسہ رسولؓ جگر گوشہ بتولؓ جنت میں نوجوانوں کے سردار حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ اور ان کے رفقا کی اسلام کی سربلندی اور حق وصداقت کے لئے میدان کربلا میں دی گئی عظیم قربانی کی یاد میں ملک بھر میں جگہ جگہ یوم عاشور کے جلوس نکالے گئے جو بعداز مغرب ختم ہوگئے۔
ملک بھرکی طرح کراچی سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں میں ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس برآمد ہوئے۔
کراچی میں یوم عاشورکا مرکزی جلوس نشترپارک سے برآمد ہوا۔ جلوس سے قبل یوم عاشور کی مرکزی مجلس صبح 8 بجے نشترپارک میں منعقد ہوئی، جس سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے خطاب کیا۔
مجلس عزا کے اختتام پر بوتراب اسکاؤٹس کی قیادت میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا، جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر پر ختم ہوا۔
مرکزی جلوس عزا میں علم، تابوت، شبیہ ذوالجناح کی زیارات ہوئیں۔ جلوس کے راستوں میں پانی اور دودھ کی سبیلیں لگائی گئیں، اس موقع پر نیاز و تبرک بھی تقسیم کرنے کا انتظام کیا گیا ہے۔
مرکزی جلوس عزا کی سکیورٹی کے لیے پولیس، رینجرز و قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں سمیت اسکاؤٹس موجود رہے۔ مرکزی جلوس کے دوران امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام باجماعت نماز ظہرین تبت سینٹر کے مقام پر ادا کی گئی۔