باجوڑ میں دھماکا اسٹیج کے قریب ہوا، ویڈیو سامنے آگئی

باجوڑ: باجوڑ صدر مقام خار میں جے یو آئی کے ورکرز کنونشن میں خود کش دھماکا ہوا، جس میں 40 افراد جاں بحق اور 80 افراد زخمی ہوگئے، واقعے کی ویڈیو بھی سامنے آگئی ہے۔

باجوڑ کے صدر مقام خار کے علاقے شنڈئے موڑ میں خودکش دھماکا ہوا ہے، جس میں 40 افراد جاں بحق اور 80 سے زائد زخمی ہوئے۔ سوشل میڈیا پر دھماکے کی ویڈیو بھی سامنے آگئی ہے۔

ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک پنڈال میں لوگ جمع ہیں اور پیچھے کی جانب موجود افراد کھڑے ہوکر خطاب سن رہے ہیں، ورکرز کنونش میں نوعمر لڑکے بھی دیکھے جا سکتے ہیں، اس دوران سامنے کی جانب ایک زوردار دھماکا ہوتا اور شعلہ بلند ہوتا ہے۔

ویڈیو پنڈال کے پچھلے حصے میں موجود کسی شخص نے بنائی جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ دھماکے کے بعد افراتفری پھیل گئی۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکا اسٹیج کے قریب لوگوں کے بیچوں بیچ ہوا، اور اس وقت جے یو آئی خار کے سربراہ مولانا ضیا اللہ جان اسٹیج پر موجود تھے، اور پارٹی کے ایک رہنما کو خطاب کی دعوت دی جا رہی تھی۔