تہران : ایران نے باجوڑ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں جمعیت علمائے اسلام کے کنونشن میں ہونے والے مہلک دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی۔
جے یو آئی کے کنونشن میں دہشت گردانہ حملے کے بعد، ناصر کنعانی نے ایران کی حکومت اور عوام کی جانب سے پاکستان کی حکومت اور قوم سے تعزیت کرتے ہوئے اس کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کی جس میں چالیس سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں اور سینکڑوں افراد شدید زخمی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج دہشت گردوں نے ایک بار پھر ایک نئی مجرمانہ کارروائی کا ارتکاب کرکے ہمسایہ اور برادر ملک پاکستان میں اپنے پیاروں کے لیے بہت سے خاندانوں کو غمزدہ کردیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے اور متاثرین کے خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتا ہے۔ اس دہشت گردی کی کارروائی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہیں۔