کوئٹہ: جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے رہنما اور ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمداللہ نے باجوڑ جلسے میں بم دھماکے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ باجوڑ جلسے پر حملے کی فوری تحقیقات ریاست کی ذمے داری ہے، کارکنوں کا مقدس خون اسلام وملک دشمن قوتوں کو ہضم نہیں ہوگا، پرتشدد واقعات کا مقصد جمعیت علمائے اسلام کو پرامن اور آئینی جدوجہد کی راہ سے ہٹانا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے یو این سے سے ٹیلی فونک بات چیت میں کیا.
حافظ حمد اللہ کا مزید کہنا تھا کہ جلسے میں مجھے دعوت دی گئی تھی، شرکت کیلئے راستے میں تھا کہ دھماکے کی خبر آئی، یہ جمعیت علمائے اسلام پر نہیں جمہوریت پر حملہ ہے، جواب آئندہ انتخابات میں دیا جائے گا، شہید و زخمی کارکنوں کے خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، حافظ حمد اللہ کا کہنا تھا کہ واقعے کی تحقیقات کیلئے تمام اداروں کو اہم کردار ادا کرنا ہوگا، واقعے میں ملوث عناصر کو نشان عبرت بنایا جائے۔