اسلام آباد : چین کے نائب وزیر اعظم ہی لی فنگ پاکستان پہنچ گئے، ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ چین کے نائب وزیر اعظم ہی لائی فنگ 3روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔وفاقی وزرا رانا ثنا اللہ، احسن اقبال اور طارق فاطمی نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔وفاقی دارالحکومت کو چینی پرچموں اور پاک چین پوسٹرز، سائن بورڈز اور بینرز سے سجا گیا گیا تھا۔ 30 جولائی سے یکم اگست تک اپنے دورے کے دوران ہی لی فنگ چین پاکستان اقتصادی راہداری ( سی پیک ) کی 10 ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کریں گے۔ چینی مہمان کے اعزاز میں اسلام آباد کی سڑکوں اور مختلف موڑ کو سائن بورڈز اور بینرز سے سجایا گیا ہے جس میں ’’پاک چین دوستی زندہ باد‘‘ سی پیک کی 10ویں سالگرہ ، سی پیک ویژن سے ریئلٹی تک تحریر ہے۔
چینی زبان میں استقبالیہ کلمات بھی شامل ہیں۔ گوادر پرو کے مطابق اپنے دورے کے دوران وہ پاکستانی صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کریں گے۔ چینی مہمان سی پیک کی دسویں سالگرہ کی تقریب میں مہمان خصوصی بھی ہوں گے۔ نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن کے چیئرمین کے طور پر انہوں نے پاکستان میں سی پیک کے متعدد منصوبوں کی منصوبہ بندی اور ان پر عمل درآمد میں اہم کردار ادا کیا۔ پاکستان کے دفتر خارجہ کے ایک بیان کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان باقاعدہ اعلیٰ سطح کے تبادلوں اور بات چیت کا حصہ ہے۔
دریں اثنا اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ چینی نائب وزیراعظم کا دورہ پاکستان نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ سی پیک میں چینی نائب وزیراعظم کا اہم کردار ہے مشکل وقت میں چین نے جس طرح سے پاکستان کا ساتھ دیا بھول نہیں سکتے ۔ موجودہ وقت میں چینی نائب وزیراعظم کا دورہ چین نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ سی پیک منصوبے کے تحت چین میں ہزاروں طلبا تعلیم حاصل کر رہے ہیں ۔ پاکستا ن میں کوئی بھی سرمایہ کار ایک ڈالر بھی سرمایہ کاری کرنے کو تیار نہیں تھا چین نے اس مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ۔ مشکل وقت میں چین نے جس طرح سے پاکستان کا ساتھ دیا بھول نہیں سکتے۔