مراکشی خاتون ورلڈ کپ فٹبال کی پہلی باحجاب کھلاڑی بن گئیں.

مراکش(اُمت نیوز)؛مراکش کے ویمنز ورلڈ کپ کے دوسرے میچ میں جنوبی کوریا کے خلاف کھیلنے والی محافظ نوحیلہ بینزینا نے فٹ بال ورلڈ کپ کی پہلی باحجاب کھلاڑی کے طور پر تاریخ رقم کرلی۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق صحت اور حفاظت کی وجوہات کی بنا پر فیفا میں مذہبی طور پر سر ڈھانپنے پر پابندی کو 2014 میں کارکنوں، کھلاڑیوں، حکومتی اور فٹ بال حکام کے مطالبے کے بعد ختم کر دیا گیا تھا۔
مسلم ویمن اِن اسپورٹس نیٹ ورک کی شریک بانی اسماء ہلال کا اس موقع پر کہنا تھا کہ مجھے اس میں کوئی شک نہیں کہ زیادہ سے زیادہ خواتین اور مسلمان لڑکیاں بینزینا کو مثال کے طور پر دیکھیں گی اور متاثر ہوں گی۔ نہ صرف کھلاڑی بلکہ میرے خیال میں فیصلہ سازی میں، کوچنگ میں اور دیگر کھیلوں میں بھی۔
بینزینا مراکش کی پیشہ ور فٹبال کھلاڑی ہیں جو مراکش کی خواتین فٹبال کھلاڑیوں کی سرفہرست لیگ اسپورٹس آف فورسز آرمڈ رائل کی ایسوسی ایشن کے لیے کھیلتی ہیں۔ بینزینا آٹھ بار دفاعی چیمپئن رہ چکی ہیں۔
واضح رہے کہ مراکش خواتین کے عالمی کپ کے لیے کوالیفائی کرنے والا پہلا عرب/شمالی افریقی ملک ہے۔