اسلام آباد: پاکستان اور چین کے درمیان مختلف شعبوں میں مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہو گئے۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں پاکستان اور چین کے درمیان مختلف شعبوں میں مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب ہوئی،وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم چین تقریب میں موجود تھے،وفاقی وزرا اور چین کا اعلیٰ سطح کا وفد بھی تقریب میں موجود تھا۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو، وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب اور وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق بھی تقریب میں شریک ہوئے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہاکہ چینی نائب وزیراعظم اور وفد کی پاکستان آمد پر خوشی ہوئی، مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کا مرحلہ خوش آئند ہے،10سال قبل سی پیک منصوبوں پر کام کا آغاز ہوا تھا،سی پیک کے تحت 25ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی،پاکستان اور چین نے اس معاہدے پر 10سال قبل دستخط کیے تھے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہاکہ سی پیک منصوبے سے دونوں ممالک کے عوام میں رشتہ مضبوط ہوا،سی پیک میں روڈ انفراسٹرکچر کے منصوبے بھی شامل ہیں،سی پیک کے دوسرے فیز میں ایگری کلچر اور آئی ٹی سیکٹر شامل ہے، سی پیک سے دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز ہوا، آج اہم دستاویز پر دستخط ہوئے جس سے معاشی تعاون میں مزید اضافہ ہوگا۔