اسلام آباد:توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل شیر افضل مروت نے دلائل دیتے ہوئے کہاکہ پورے ملک کی نظریں توشہ خانہ ٹرائل پر ہیں،چیئرمین پی ٹی آئی کو کیا اپنا موقف پیش کرنے کا مکمل حق دیا جاتا ہے؟ سب دیکھا جائے گا۔
نجی ٹی وی کے مطابق سیشن جج ہمایوں دلاور کی عدالت میں توشہ خانہ کیس کی سماعت ہوئی،وکیل شیر افضل مروت نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کا آج بیان ریکارڈ ہونا ہے ،چیئرمین پی ٹی آئی عدالت میں موجود ہیں۔
وکیل الیکشن کمیشن نے کہاکہ سوالنامہ مہیا کرنا ملزم کیلیے ایک طرح کا ریلیف ہے،اگر ملزم غلط جواب بھی دے دے تو سزا نہیں ہو سکتی، وکیل شیرافضل مروت نے کہاکہ چیئرمین پی ٹی آئی کے بیان ریکارڈ کرنے کا مناسب وقت دیا جائے،توشہ خانہ کیس کے بیان ریکارڈ کرنے کا معاملہ سپریم کورٹ میں ہے ،عاشورہ میں وکلا کام نہیں کرتے،چیئرمین پی ٹی آئی سے 35سوالات پوچھے ہیں، تحریری جواب بھی دینا چاہتے ہیں،خواجہ حارث سپریم کورٹ میں موجود ہیں۔
وکیل شیر افضل مروت نے کہاکہ پورے ملک کی نظریں توشہ خانہ ٹرائل پر ہیں،چیئرمین پی ٹی آئی کو کیا اپنا موقف پیش کرنے کا مکمل حق دیا جاتا ہے؟ سب دیکھا جائے گا، اسلام آباد ہائیکورٹ میں تمام درخواستیں زیرسماعت ہیں،گواہان کو الیکشن کمیشن کا ریکارڈ بھی مکمل طور پر مہیا نہیں کیاگیا،آج سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کرتا ہوں،آئندہ سماعت پر چیئرمین پی ٹی آئی اپنا بیان ریکارڈ کروائیں گے، گارنٹی دیتا ہوں۔