کراچی : صوبائی اینٹی کرپشن عدالت نے نسلہ ٹاور کیس میں سابق ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) منظور قادر کاکا کی ضمانت مسترد کردی، جس کے بعد اینٹی کرپشن حکام نے انھیں گرفتار کرلیا۔
صوبائی اینٹی کرپشن کورٹ میں نسلہ ٹاور کی زمین کی غیرقانونی الاٹمنٹ کی سماعت ہوئی۔سابق ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی منظور قادر کاکا عدالت میں پیش ہوئے۔
تفتیشی افسر اور سرکاری وکیل شرف الدین نے ضمانت مسترد کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ منظور قادر کاکا نے نسلہ ٹاور کا غیر قانونی طور پر نقشہ پاس کیا تھا۔
انھوں نے مزید بتایا کہ منظور قادر کاکا عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کرچکے ہیں، منظور قادر کاکا اور دیگر ملزمان پر نسلہ ٹاورکی زمین سات سو گز سے بڑھاکر گیارہ سو مربع گز کرنے کا الزام ہے۔
اس کے بعد عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے منظور قادر کاکا اور ملزم خیر محمد کی ضمانت مسترد کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو حراست میں لینے کی ہدایت کی۔عدالتی ہدایت کے بعد اینٹی کرپشن حکام نے انھیں گرفتار کرلیا۔
یاد رہے کہ 8 اپریل 2021 کو سپریم کورٹ نے کراچی کی شاہراہ قائدین پر قائم نسلہ ٹاور کو غیرقانونی قرار دے کر گرانے کا حکم دیا تھا۔