سی پیک پاک چین کی دوستی کے نئے دور کا آغاز ہے،چینی نائب وزیراعظم

اسلام آباد : چینی نائب وزیراعظم ہی لیفینگ کا کہنا ہے کہ سی پیک چین اور پاکستان کی دوستی کے نئے دور کا آغاز ہے، اس منصوبے نے دونوں ملکوں کے باہمی مفاد کو نئی جلا بخشی۔ وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سی پیک کے تحت مختلف منصوبوں پر25 ارب کی سرمایہ کاری ہوگی، آج کا دن دونوں ملکوں کیلئے ایک یادگار دن ہے۔

کنونشن سینٹراسلام آباد میں سی پیک کے 10سال مکمل ہونے پر تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وزیراعظم شہبازشریف اورچین کے نائب وزیراعظم کے علاوہ وفاقی وزرا بلاول بھٹو زرداری، احسن اقبال، مریم اورنگزیب، ایاز صادق اور راناثناءاللہ بھی شریک تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی نائب وزیراعظم ہی لیفینگ کا کہنا تھا کہ سی پیک دونوں ملکوں کے درمیان ایک اہم منصوبہ ہے، جس سے خطے میں سماجی ترقی کا دور شروع ہوا۔

چینی نائب وزیراعظم کا کہنا ہے کہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند اورسمندر سےگہری ہے، دونوں ملکوں کےدرمیان تاریخی دوستانہ تعلقات ہیں، اور سی پیک چین اور پاکستان کی دوستی کے نئے دور کا آغاز ہے، اس منصوبے نے دونوں ملکوں کے باہمی مفاد کو نئی جلا بخشی، سی پیک کی 10سالہ تقریب میں شرکت کر کے خوشی محسوس ہوئی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ چین نے ترقی کا سفر ہمت اور لگن سے طے کیا، آج کا دن دونوں ملکوں کیلئے ایک یادگار دن ہے، دونوں ممالک کے درمیان منفرد دوستی کا آغاز ہوا، شہید ذوالفقارعلی بھٹو نے چین اور پاکستان کی دوستی کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ صدر شی چن پنگ نے دورہ پاکستان کے موقع پر سی پیک کا تحفہ دیا، اس منصوبے کے بہت سے منصوبوں کو وقت سے پہلے مکمل کیا، چند منصوبوں پر ابھی بھی کام جاری ہے جو تکمیل کے مراحل میں ہیں، توانائی بحران کو ختم کرنے میں سی پیک نے اہم کردار ادا کیا، اور اس بحران پر قابو پانے کے بعد پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہوا۔