اسلام آباد: سپریم کورٹ میں بہاولپور اسلامیہ یونیورسٹی ویڈیواسکینڈل کی تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائرکر دی گئی۔
درخواست ایڈووکیٹ ذوالفقار بھٹہ نے دائر کی ،درخواست میں وفاق، پنجاب حکومت اور ایف آئی اے سمیت دیگر کو فریق بنایا گیاہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مبینہ ویڈیو کلپس غیرمتعلقہ افراد پبلک کررہے ہیں ، مبینہ ویڈیوز شیئر کرنے سے روکا جائے تاکہ طلبا کو بلیک میل نہ کیا جا سکے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ مبینہ ویڈیوز کو پبلک کرنے سے روکا جائے ،سپریم کورٹ کی اجازت کے بغیر آئی جی پنجاب سمیت کسی تحقیقاتی افسر کا تبادلہ نہ کیا جائے ، پنجاب حکومت کے تشکیل کردہ جوڈیشل کمیشن کو پولیس تحقیقات تک کام سے روکا جائے،پولیس، ایف آئی اے کو 15روز میں تحقیقات مکمل کرنے کا حکم دیا جائے،،عدالتی اجازت کے بغیر وقفے سے متعلق تفصیلات کسی سیاسی شخصیت کو فراہم نہ کی جائیں۔