اسلام آباد: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر شاہ نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کی ترقی اوراسے اوپر لے جاناچاہتے ہیں۔
جنرل عاصم منیر نے اسلام آباد میں منرل سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے قرآن پاک کی آیات اورعلامہ اقبال کے اشعار کے ساتھ تقریر کا آغاز کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کی ترقی اوراسے اوپر لے جاناچاہتے ہیں، ہمارے پاس جو وسائل ہیں ہم نے انہیں دریافت کرنا ہے، اللہ مہربان ہے پاکستان کی ترقی کے لیے آگے آئیں اور کامیابیاں سمیٹیں۔
آرمی چیف نے کہا کہ ہم نے پاکستان کو آگے لیکر جاناہے، جس کے لئے تمام افسران مل کر کام کریں، ہم نے گرین انیشی ایٹو بھی اسی لیے لیاہے، خدابھی ان کی مدد کرتاہے جو اپنی حالت بدلنے کی کوشش کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ رب نے جوزندگی دی ہے پھر لوٹ کر اسی کی طرف جاناہے، اللہ تعالیٰ نے کہاہے کہ میں تمہیں آزماؤں گا ،کبھی بھوک سے ،کبھی خوف سے ،کبھی جان سے، لیکن جو لوگ صبردکھاتے ہیں کامیابی انہی کی ہوتی ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ ہم چاہتے ہیں ون اسٹیپ انشی ایٹو ہو، یہ سمٹ بہت اہم ہے ہم مقامی ریڈ ٹیپ ازم سے اور بیوروکریٹک رکاوٹوں سے نکلنا چاہتے ہیں، اس لیے ہم نے ملٹری ،سول بیوروکریسی ،وفاقی حکومت ،صوبائی حکومتیں ملاکر ایک ادارہ بنایاہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ بطور قوم ہم سب سے آگے نکلیں گے محنت کریں گے اورانشاء اللہ اللہ کامیابی بھی دے گا، ہم مل کر محنت کرکے ملک کو درپیش مشکلات سے نکالیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بیرونی سرمایہ کار اس اعتماد کے ساتھ یہاں آئیں کہ فوری فیصلے ہونگے اور ان کاسرمایہ ضائع نہیں ہوگا، ملک میں اکنامک گروتھ ہوگی، ان کی مائننگ لائسنسنگ میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ہوگی، غیر ملکی سرمایہ کار یہاں ایک نئی اقتصادی ٹیکنالوجی لے کر آئیں، صنعتیں بنائیں ہمارے لوگوں کے علم میں اضافہ ہوگا مقامی لوگوں کے مسائل حل ہونگے منرلز کوترقی ملے گی۔