اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ 2013 سے 2018 کے ترقی کے سفر کا آغاز ہو چکا ہے، ایک ہفتے بعد حکومت ختم ہو جائے گی اور نگران حکومت آ جائے گی، اسی جذبے کے ساتھ نگران حکومت کو ذمے داری دیں گے۔
فارن میڈیا ڈیجیٹل مانیٹرنگ وال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ ریڈیو پاکستان کی نشریات اب 52 ملکوں میں سنی جا سکیں گی، موجودہ حکومت نے اداروں کو بہتر کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے ہیں، الیکٹرانک، پرنٹ اور ڈیجیٹل میڈیا کی مانیٹرنگ کا آغاز کیا تھا، یہ سینٹرل مانیٹرنگ سسٹم ہو گا، یہ مانیٹرنگ سسٹم پہلی دفعہ انسٹال کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا ہے کہ پی ایس ڈی پی کا پہلا فیز مکمل ہو چکا ہے، گزشتہ حکومت میں ریڈیو اور ٹی وی کی نیلامی کی باتیں ہوا کرتی تھیں، فارن میڈیا ڈیجیٹل مانیٹرنگ وال سے حالات حاضرہ سے آگاہی حاصل ہو گی۔
مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سر اٹھا کر کہتی ہوں ملک بچانے کیلئے ہم نے حکومت میں آنے کا فیصلہ کیا، گزشتہ حکومت نے ملک کو دیوالیہ کے قریب پہنچایا، آئی ایم ایف معاہدے کی خلاف ورزی کی، شہباز شریف نے آئی ایم ایف معاہدہ بحال کیا، ہم نے جو بھی فیصلے کیے ہیں ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کیلیے کیے ہیں، پٹرول بڑھانے کی دو وجوہات ہیں۔