اسلام آبا: پاکستان تحریک انصاف کی مزید 3وکیٹں گر گئیں، عثمان بزدار، خسرو بختیار سمیت 22 کی پی ٹی آئی رکنیت ختم کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی مزید 3وکیٹں گر گئیں ، مزید دو رہنما پارٹی چھوڑ کر پرویز خٹک گروپ سے جا ملے ۔ اسرار باچا کور کمیٹی ممبروصوبائی انفارمیشن سیکرٹری اور ر یاض خان سابق امیدوار تحصیل شاہ عالم نے تحریک انصاف سے منہ موڑ لیا۔
دونوں رہنماوں نے پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین کے صوبائی سیکرٹریٹ پشاور کے افتتاح کے موقع پر شمولیت اختیار کی۔ادھر فیصل آباد میں پی پی 112سے پاکستان تحریکِ انصاف کے ٹکٹ ہولڈر بلال اشرف بسرا نے 9مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔بلال اشرف بسرا نے اپنے ویڈیو بیان کے ذریعے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر تے ہوئے کہا کہ میں 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتا ہوں اور تحریک انصاف چھوڑ کر سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا اعلان کرتا ہوں۔دوسری جانب اسلام آباد(سپیشل رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سمیت جنوبی پنجاب میں 22 ارکان کی پارٹی سے بنیادی رکنیت ختم کردی۔پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل عمر ایوب خان نے منگل کو پارٹی پالیسی سے انحراف کرنے والے ارکان کو برطرفی کا نوٹس جاری کرتے ہوئے فوری طور پر تمام ارکان کی پاکستان تحریک انصاف سے رکنیت ختم کر دی۔جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع سے پی ٹی آئی کے جن ارکان کی رکنیت ختم کی گئی ان میں عثمان بزدار، مخدوم خسرو بختیار، سردار محمد خان لغاری، جاوید اختر انصاری، محمد ظہیر الدین خان علی زئی، فاروق اعظم ملک، سید ندیم زمان شاہ، احتشام الحق لالیکا، شہزادہ بہاول خان عباسی، سبین گل، میاں شفیع محمد، سید محمد اصغر شاہ، میاں طارق عبداللہ، محمد اختر ملک اور محمد افضل، احسان الحق، سلیم اختر لابر، سلمان خان گڈوکا، اکرم کانو، محی الدین سولنگی، مخدوم افکار الحسن اور راجہ محمد سلیم کو بھی پارٹی سے نکال دیا ۔