ایران(اُمت نیوز)ایران میں گرمی کی غیر معمولی شدت کے باعث 2 روز کی عام تعطیل کا اعلان کر دیا گیا،گرمی کی شدت سے بچنے کیلئے معمر اور بیمار افراد کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کےمطابق ایران کے شمالی علاقے غیر معمولی گرمی کی لپیٹ میں ہیں، گرمی کے باعث ہسپتالوں میں ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے،ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ گرمی کی شدت کے باعث ملک بھر میں بدھ اور جمعرات کو عام تعطیل ہوگی، بینک، سکولز اورحکومتی دفاتر سب بند ہوں گے۔
رواں ہفتے ایرانی شہر اہواز میں درجہ حرارت 51 ڈگری تک جا پہنچا تھا، تہران میں بدھ کو درجہ حرارت 39 ڈگری تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ دنیا کے مختلف حصوں میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات دیکھنے میں آرہے ہیں، یورپ، امریکا اور ایشیا میں ہیٹ ویوز، کینیڈا اور یونان میں جنگلات کی آگ جبکہ فلوریڈا میں سمندری پانی کے ریکارڈ درجہ حرارت جیسے واقعات سامنے آئے،درجہ حرارت میں ریکارڈ اضافہ عالمی سمندری سطح کے اوسط درجہ حرارت میں اضافے سے منسلک قرار دیا جا رہا ہے۔
سائنسدانوں کے مطابق درجہ حرارت میں اضافے کے باعث ہیٹ ویوز زیادہ جان لیوا ثابت ہوسکتی ہے جو پہلے ہی ہزاروں ہلاکتوں کا باعث بن رہی ہیں، 2022 میں صرف یورپ میں ہی 61 ہزار سے زائد ہلاکتیں درجہ حرارت میں اضافے کے باعث ہوئیں۔