اسلام آباد (اُ مت نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان کاکہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین پر 22 اگست کو فرد جرم عائد کریں گے۔
چیئرمین تحریک انصاف کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت الیکشن کمیشن کے ممبر نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے کی، چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل شعیب شاہین، الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔
پی ٹی آئی چیئرمین کے وکیل نے دوران سماعت موقف اختیار کیا کہ مجھے اس کیس کا مکمل ریکارڈ فراہم نہیں کیا گیا اور سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کر دی۔
وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ عدالتی چھٹیوں کے باعث اگلی سماعت ستمبر میں رکھ لیں ، ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ اگست کی تاریخ لیں، پھر ہم مصروف ہو جائیں گے۔
وکیل پی ٹی آئی نے چیئرمین پی ٹی آئی کی ذاتی حیثیت میں پیشی سے استثنیٰ کی درخواست بھی دیدی۔
وکیل پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے میڈیکل چیک اپ کے لیے ہسپتال جانا ہے، وہ کئی دنوں سے روزانہ عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں۔
ممبر الیکشن کمیشن اکرام اللہ خان نے کہا کہ آج تو پی ٹی آئی چیئرمین پر فرد جرم عائد کرنی تھی ، انہوں نے استفسار کیا کہ کیا چیئرمین پی ٹی آئی اگلی سماعت پر خود پیش ہوں گے؟ جس پر پی ٹی آئی چیئرمین کے وکیل نے کہا کہ امید ہے ، پوری کوشش کریں گے کہ وہ اگلی پیشی پر حاضر ہو جائیں۔
ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین کی اگلی پیشی پر حاضری لازمی ہے، ان پر فرد جرم عائد کریں گے اور سماعت 22 اگست تک ملتوی کر دی۔