کراچی: پاکستان اور ترکیہ کے باہمی اشتراک سے تیار ہونے والا ملجم کلاس جنگی بحری جہاز پی این ایس طارق پاک بحریہ کے بیڑے میں شامل ہو گیا۔ اس موقع پر بدھ کو کراچی شپ یارڈ میں منعقدہ خصوصی تقریب میں وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اور ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز نے شرکت کی ۔ ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز تقریب کے مہمان اعزاز تھے۔
تقریب میں وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر ، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی ، گورنر سندھ کامران ٹیسوری، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل امجد نیازی سمیت اعلیٰ سول و فوجی حکام نےشرکت کی۔
وزیراعظم محمد شہبازشریف نے ترکیہ کے نائب صدر کے ہمراہ پی این ایس طارق کی لانچنگ کی۔ پی این ایس طارق ملجم کلاس کارویٹ جنگی جہاز ان چار بحری جہازوں میں سے ایک ہے، جو ترکیہ کے ساتھ ٹیکنالوجی کی منتقلی کے معاہدے تحت ترک اور پاکستانی انجینئر مل کر بنا رہے ہیں۔2018میں پاک بحریہ اور ترکیہ کے درمیان 4 جنگی بحری جہازوں کی تیاری کا معاہدہ ہوا تھا۔
معاہدے کے تحت 2 جہاز ترکیہ اور 2 جہاز پاکستان میں تیارکیے جا رہے ۔ اس سے قبل 3 جہازوں کی لانچنگ ہو چکی ہے اور وہ تکمیل کے مختلف مراحل میں ہے۔ پی این ایس طارق پاکستان میں تیار ہونے والا دوسرا بحری جنگی جہاز ہے۔ قبل ازیں وزیراعظم کو جہاز کی تیاری کے متعلق بریفنگ دی گئی۔