لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہا ہے کہ ان کے خلاف فیصلے سے پہلے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے انہیں پیغام بھجوایا تھا، وہ پیغام کیا تھا طلال چوہدری نے یہ نہیں بتایا۔
نجی ٹی وی کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران سابق وزیر مملکت طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ کبھی عدالت کی توہین کی نہ ایسا سوچا، سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔ ججز نے مجھے نوازشریف سے وفاداری کا سرٹیفکیٹ دیا۔ مجھے نوازشریف کا ساتھ دینے کی سزا دی گئی، (ن) لیگی رہنماؤں کو چن چن کر نااہل کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ مجھ پر دباو ڈال کر پارٹی قیادت کے خلاف بیان لینے کی کوشش کی گئی، میرے خلاف فیصلے سے پہلے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے مجھے پیغام بھجوایا تھا، انصاف دیتے تو آج پاکستان یہاں تک نہ پہنچتا۔