اسلام آباد: وزیرخزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان کے پاس دنیا کا سب سے بڑا پائپ لائن نیٹ ورک ہے، ہمیں دنیا کو دکھانا ہے کہ ہمارے پاس اثاثے ہیں۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیرخزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان کےلیے ہم دن رات کام کررہے ہیں، ہم ڈیفالٹ کے خطرے سے نکل چکے ہیں، ملک میں زرمبادلہ کے ذخائر موجود ہیں۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ ہمارے ملک میں کھربوں روپے کے اثاثے ہیں، پاکستان کے پاس دنیا کا سب سے بڑا پائپ لائن نیٹ ورک ہے، دنیا کی لمبی گیس کی پائپ لائن پاکستان میں ہے، اور 3000 ملین کے ذخائر موجود ہیں، ہمیں دنیا کو دکھانا ہے کہ ہمارے پاس اثاثے ہیں۔
وفاقی وزیر اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب کے لیے تمام وسائل فراہم کیے، دہشت گردی کے خلاف جنگ سے آنے والی نسلوں کو بچایا، سانحہ اے پی ایس کے بعد قومی سطح پر لائحہ عمل بنایا گیا۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ وزارت داخلہ گزشتہ 10 سال کا ریکارڈ دے، سب کو پتہ ہونا چاہیئے کہ ملک میں کب کیا ہوا، فاٹا کی بحالی کے لیے خیبرپختونخوا کو اضافی فنڈز دیے۔
ان کا کہنا تھا کہ سابق حکومت بتائے دہشت گردوں سے کیوں مذاکرات کیے، دہشت گردوں سے مذاکرات پر قوم سے معافی مانگیں، بدقسمتی سے دہشت گردی کے واقعات پھر سر اٹھارہے ہیں، باجوڑ میں دلخراش واقعے کی مذمت کرتے ہیں۔