توشہ خانہ چوری کا ملزم بہانے تلاش کررہا،عطاء تارڑ

اسلام آباد : وزیراعظم کے معاون خصوصی عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ توشہ خانہ چوری کیس کا ملزم بہانے تلاش کرنے کی کوششیں کررہا ہے ،ملزم نے 35سوالوں میں ایک کا بھی جواب نہیں دیا۔ بدھ کو توشہ خانہ کیس کی سماعت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ایک نامی گرامی ملزم جس پر ملک سے غداری اور سائفر کا کیس ہے، توشہ خانہ کی چوری اور 9 مئی کے واقعات میں بھی ملوث ہے لیکن کبھی ایک بہانہ تو کبھی دوسرا بہانہ بناتا ہے تاکہ چوری کا حساب دینے سے بچ جائے، 40 میں سے 3 پیشیوں پر ملزم کی حاضری لگی ہے،توشہ خانہ کے تحائف لئے گئے اور فروخت کئے گئے اورپیسہ کہیں اور لگا دیا۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ توشہ خانہ کے 35 سوالات پوچھے گئے تو محترم کے پاس کوئی جواب نہیں تھا،ملزم کے وکیل علی ظفر نے الیکشن کمیشن کے روبرو مانا کہ تحائف بیچے گئے ہیں۔انہوں نے کہا توشہ خانہ چور نے کل باقاعدہ بڑھکیں ماریں کہ میں نہیں میرے ملٹری سیکرٹری وسیم چیمہ تحائف بیچتے تھے،آج کی سماعت کے دوران نہ ملزم ہے نہ ان کے وکیل ہیں اور نہ ہی عدالت میں گواہان کی فہرست دی۔ عطا اللہ تارڑ نے کہا سپریم کورٹ میں کیس کا وقت ساڑھے گیارہ بجے تھا جبکہ سیشن عدالت میں ساڑھے نو بجے تھا اس کے باوجود ملزم کی جانب سے کوئی عدالت پیش نہیں ہوا۔