باجوڑ (اُمت نیوز)باجوڑ خار شنڈی موڑ کے افسوس ناک واقعے میں سرکاری رپورٹ کے مطابق شہداء میں 8 اور زخمیوں میں 10 بچے شامل تھے۔
محکمہ صحت کے رپورٹ کے مطابق واقعے میں 8 بچے شہید ہوچکے ہیں، جن میں سے 6 بچوں کی شناخت ہونے کے بعد انہیں لواحقین کے حوالے کردیا گیا، جبکہ 2 بچوں کی شناخت تاحال نہیں ہوئی۔ باجوڑ دھماکے میں شہید بچوخ کی شناخت 17 سالہ حمید اللہ ولد تحصیل خان (سکنہ برترس)، 15 سالہ کلیم اللہ ولد گل بادشاہ (سکنہ پھاٹک)، 10 سالہ عباس ولد امیر بادشاہ (سکنہ پھاٹک)، 10 سالہ نصیب اللہ ولد گل بادشاہ (سکنہ عنایت کلے)، 12 سالہ ابوذر ولد سلطان یار (سکنہ بادسمر)، 8 سالہ فتح اللہ ولد حیات خان (سکنہ شیخ مینو خار) کے نام سے ہوئی ہے۔
چائلڈ پروٹیکشن ڈپارٹمنٹ باجوڑ کی ٹیم نے ڈسٹرکٹ آفسر چائلڈ پروٹیکشن برہان الدین سالارزئی کی سربراہی میں ہیڈکوارٹر اسپتال خار کا دورہ کیا اور سرجیکل وارڈ میں موجود 6 بچوں کی تیمارداری کی اور ان کے ساتھ موجود فیملی اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں ہدایت کی کہ بچوں پر اپنی نظر رکھیں اور ان کی صحت کا خاص خیال رکھیں۔
چائلڈ پروٹیکشن ٹیم نے مردہ خانے کا بھی دورہ کیا اور وہاں موجود 2 بچوں کی کنفرمیشن حاصل کرنے کے بعد اپنے کوششیں مزید تیز کردیں تاکہ دو ناقابل شناخت بچوں کی شناخت کے بعد ان کی لاشیں بھی لواحقین کے حوالے کی جاسکیں۔