اسلا م آباد: ایرانی وزیرخارجہ کی پارلیمنٹ ہائوس آمد ہوئی ۔ایران کے وزیرخارجہ حسین عبداﷲیان کی چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات ، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ملاقات میں پاک ایران پارلیمانی تعلقات کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سینٹ نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اپنے ایرانی بھائیوں سے ملاقات کی خوشی ہوئی ہے، پارلیمنٹ ہائوس میں ایرانی وزیرخارجہ کو خوش آمدید کہتا ہوں۔ پوری پاکستانی اور ایرانی قوم ایک دوسرے سے واقف ہے،پاکستان اور ایران کے درمیان بہترین برادرانہ تعلققات ہیں،ایران پاکستان کا عظیم دوست ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہاکہ پارلیمانی سفارت کاری مسائل کے حل کا ایک بہترین فورم ہے،پاکستان ایران پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کے ذریعے تمام شعبوں میں تعاون کو وسعت دینگے،علاقائی امن و استحکام کےلیے پاکستان سے مل کر کام کررہے ہیں۔ ملاقات میں ڈپٹی چیئرمین سینٹ مرزا آفریدی اور سینیٹر پیر صابر شاہ سمیت دیگر ارکان سینٹ بھی شریک ہیں۔دریں اثنا سپیکر قومی راجہ پرویز اشرف سے ایرانی وزیر خارجہ نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ایرانی وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ پاک-ایران گیس پائپ لائن منصوبہ دونوں ممالک کے عوام کے بہترین مفاد میں ہے، ایران پاک-ایران گیس پائپ لائن منصوبے کی جلد تکمیل کی خواہش رکھتا ہے ۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا پاکستان کو ایران کے وسائل سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے،پاکستان ایران کے ساتھ باہمی تجارت کا خواہاں ہے۔اسپیکر نے دونوں ممالک کے مابین اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ پاک-ایران پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ دونوں ممالک کو مزید قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ ایرانی وزیرخارجہ نے کہا ایران پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتا ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایرانی حکومت پاکستان کے ساتھ اقتصادی اور سماجی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی خواہاں ہے۔ ایرانی وفد نے پاکستان میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات کی مذمت کی اور جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔