9 اگست کو اسمبلیاں تحلیل کردی جائیں گی، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے اسمبلیاں تحلیل کرنے کی تاریخ بتا دی اور کہا ہے کہ 9 اگست کو اسمبلیاں تحلیل کردی جائیں گی،

سب کیلئے قابل قبول نگراں سیٹ اپ تشکیل دیا جائے۔

وزیراعظم کی جانب سے ارکان پارلیمنٹ کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ دیا گیا جس میں چکن منچورین، چکن کڑاہی، مٹن کڑاہی، باربی کیو، دیسی مرغ، بیف بریانی، دال ماش، چکن، شامی کباب اور مچھلی سے اراکین پارلیمنٹ کی تواضع کی گئی۔

عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے مشکل وقت میں حکومت سنبھالی، ہرطرف خطرات تھے، ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا، 15ماہ میں تنقید کے باوجود ریاست کو بچایا، ہمارا ضمیر مطمئن ہے سیاست کی قربانی دے کرملک کو بھنور سے نکالا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی حکومت نے جو کانٹے بوئے تھے وہ ہمیں ہٹانا پڑے، چیئرمین پی ٹی آئی کی ضد نے ہر ادارہ اور شعبہ تباہ کردیاتھا ، اتحادی حکومت کے تعاون سے ہر مشکل پرقابو پایا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ( آئی ایم ایف ) سے معاہدہ آسان نہیں تھا یہ پل صراط بھی عبورکیا۔

انہوں نے 9 اگست کو اسمبلیاں تحلیل کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے مزید کہا کہ نگران وزیراعظم کیلئے تمام جماعتوں سے مشاورت کروں گا اور اس معاملے پر اپوزیشن لیڈرسےبھی مشاورت ہوگی۔

علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے عشائیہ سے قبل پارلیمانی رہنماؤں سے ملاقات بھی کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور نگران وزیراعظم کے نام پر مشاورت بھی کی گئی۔