پشاور: پرویز خٹک نے پی ٹی آئی رہنمائوں کو توڑنے کیلئے پی ٹی آئی پارلیمینٹرینز کے رہنمائوں کو ٹاسک حوالے کردیئے ہیں ،جلسوں میں پی ٹی آئی رہنماوں کی پارٹی میں شمولیت کیلئے منصوبہ بندی کی گئی جس کیلئے پی ٹی آئی کے رہنمائوں سے رابطے کئے گئے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق نئی سیاسی جماعت نے انتخابات سے قبل عبوری طور پر ضلعی سطح پر پارٹی تنظیمیں بنانے کا فیصلہ کیا ہے،پارٹی کے انتخابی نشان اور منشور کی تیاری کے لئے سب کمیٹی کا اجلاس بھی منعقد ہوا ہے۔
پی ٹی آئی پارلیمنٹرین کے سربراہ پرویز خٹک نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحفہ بیچنے کیخلاف ہوں، گھڑی بیچنے پر ہمیں بھی شرم آئی،وہ بندہ بتا رہا تھا کہ گھڑی 60 کروڑ کی ہے، توشہ خانہ کے تحائف بیچنا شرمناک حرکت تھی، لیڈر کو خود عقل ہونی چاہئے، قانون سب کیلئے ہے ،تحفہ پاس رکھنا چاہئے تھا۔
انہو ں نے کہا شہزاد اکبر نے کابینہ کو دھوکے میں رکھا، القادر ٹرسٹ کے معاملے میں کابینہ سے جھوٹ بول کرمنظوری لی گئی ، معاملے میں ہم سے غلطی ہوئی۔تحریک انصاف پارلیمنٹرینز کے ترجمان ضیااﷲ بنگش نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی سے عام انتخابات میں اتحاد کے لئے تیار ہیں اور عام انتخابات کے لئے 19 اگست سے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کریں گے۔