اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے توشہ خانہ فوجداری کارروائی کیس قابل سماعت قرار دینے کا سیشن کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیدیا ۔ عدالت نے کیس قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق معاملہ واپس ٹرائل کورٹ کو بھجوا دیاہے ۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے مختصر فیصلہ سنایا کہ سیشن کورٹ دوبارہ فریقین کو سن کر قابل سماعت ہونے سے متعلق درخواست پر فیصلہ کرے۔
ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا حق دفاع ختم کرنے کیخلاف درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ ہفتے تک جواب طلب کرلیا۔
تاہم ہائی کورٹ نے توشہ خانہ فوجداری کارروائی کیس دوسری عدالت منتقل کرنے کی پی ٹی آئی کی درخواست مسترد کردی۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ہمایوں دلاور ہی کیس کی سماعت کریں گے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی 8 میں سے 5 درخواستوں پر فیصلہ سنادیا، عدالت نے سابق وزیراعظم کی 8 درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔