اسلام آباد: ایم کیو ایم کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان کو جعلی نہیں اصلی جمہوریت کی ضرورت ہے، ملک مصنوعی الیکشن اور مردم شماری کا متحمل نہیں ہو سکتا۔
نجی ٹی وی کے مطابق ایم کیو ایم رہنما کا کہنا ہے کہ ایسے انتخابات ہونے چاہئیں جو سب کیلیے قابل قبول ہوں، امید ہے ہماری انتخابی مہم میں رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی۔ 15 سال سے سندھ کے عوام کے حقوق سلب کیے جا رہے ہیں۔ آزادی کی مناسبت سے ایم کیو ایم کے ہر دفتر پر پاکستان کا جھنڈا لہرایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ہر اتحادی جماعت سے نگراں وزیراعظم کیلیے نام مانگے ہیں، رابطہ کمیٹی سے مشاورت کے بعد ضرورت ہوئی تو نگراں وزیراعظم کا نام بھی تجویز کریں گے، اپوزیشن میں موجود جماعتوں کو آن بورڈ لیا ہے، فیصلہ مشاورت سے کریں گے۔ امید ہے اس بار مینڈیٹ چوری نہیں ہو گا۔ ملک میں معیشت کا مسئلہ نہیں، نیت کا مسئلہ ہے۔ شفاف اور غیر جانبدار الیکشن وقت کی ضرورت ہیں۔