حکومتی اتحاد کی بیٹھک،نگران سیٹ اپ پر مشاورت

اسلام آباد: حکومتی اتحادیوں نے شہباز شریف کو موجودہ حکومت کی مدت پوری ہونے کے بعد نگراں وزیراعظم کے تقرر کا اختیار دے دیا۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پی ڈی ایم اور اتحادی جماعتوں کا اجلاس ہوا، جس میں نگراں حکومت کی تشکیل کے معاملے پر مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، اختر مینگل، شاہ زین بگٹی، خالد مقبول صدیقی، اسلم بھوتانی اور محسن داوڑ سمیت دیگر نے شرکت کی۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اجلاس میں نگراں حکومت اور نگراں وزیراعظم کے لیے مختلف ناموں پر غور کیا گیا، جس کے بعد حکومتی جماعتوں اور اتحادیوں نے شہباز شریف کو نگراں وزیراعظم کے تقرر کا اختیار دے دیا۔ اتحادی جماعتوں نے وزیر اعظم پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے آئی ایم ایف پروگرام پر ان کے اقدامات کو سراہا۔

اتحادی جماعتوں نے 15 ماہ کی حکومت کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور نگران سیٹ اپ کے لیے تجاویز بھی پیش کیں۔حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں نگران وزیراعظم کے لیے مجوزہ ناموں پر غور کیا گیا جس کے بعد اتحادی جماعتوں نے اس حوالے سے مزید مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے 9 اگست کو قومی اسمبلی تحلیل کرنے کی تاریخ دی تھی۔ وزیر اعظم شہباز شریف 8 اگست کو اپوزیشن لیڈر راجا ریاض سے مشاورت کریں گے، جس کے بعد فیصلہ سامنے آئے گا۔