اسلام آباد : اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں نگران وزیراعظم کے لیے مزید 2 نام سامنے آگئے ہیں، اور اتحادیوں نے نگران وزیراعظم کی نامزدگی کا اختیار وزیراعظم شہباز شریف کو دے دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نگراں وزیراعظم کے ناموں پر مشاورت کے لئے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور اتحادی جماعتوں کے سربراہوں کا اجلاس ویڈیو لنک پر ہوا۔ جس میں سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، آفتاب شیرپاؤ اور احمد وناز جدون شریک ہوئے۔
مسلم لیگ نون کی مشاورتی کمیٹی کی جانب سے شارٹ لسٹ کیے گئے ناموں میں سیاست دان، اکانومسٹ اور ٹیکنوکریٹ شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق مشاورتی کمیٹی نے نگراں وزیراعظم کے لیے فائنل نام مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کو بھجوا دیے ہیں۔ مشاورتی کمیٹی کی جانب سے 5 نام مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کو بھیجے گئے ہیں۔ نواز شریف کی منظوری کے بعد 5 ناموں میں سے 3 نام اپوزیشن لیڈر کو بھجوائے جائیں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم شہبازشریف کی زیر صدارت ہونے والے اتحادیوں کے ویڈیو لنک اجلاس میں نگران وزیر اعظم، نئی مردم شماری، ضمنی انتخابات اور اسمبلیوں کی تحلیل کے 4 نکاتی ایجنڈے پر غور اور مشاورت ہوئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اتحادی جماعتوں کے تمام رہنماؤں نے اسمبلیوں کی تحلیل 9 اگست کو تحلیل کرنے پر اتفاق، کیا، اور کہا کہ الیکشن وقت پر ہونے چاہیے۔