اتحادیوں نے ناکام حکمرانی کا 75سالہ ریکارڈ توڑ دیا، سراج الحق

لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے موجودہ حکومت کے خاتمہ پر قوم یوم نجات منائے گی، 13پارٹیوں نے 15مہینوں میں ناکام طرز حکمرانی کا 75سالہ ریکارڈ توڑ دیا۔ بدترین مہنگائی، دہشت گردی سے عوام بری طرح متاثر ، حکمران آئی ایم ایف کے حکم پر غریبوں کو بجلی کے جھٹکے دے رہے اورپٹرول بموں سے حملہ آور ہیں۔

گوجرانوالہ میں گرینڈ یوتھ کنونشن سے خطاب انہوں نے کہا حکمرانوں نے اپنی مراعات کم نہیں کیں، کڑا احتساب وقت کی ضرورت، آنے والے انتخابات میں کرپٹ پارٹیوں کا مقابلہ کیا جائے گا۔ موجودہ اور ماضی کی حکومتوں نے نوجوانوں کو ایک بار نہیں بار بار دھوکا دیا، اب نوجوان ووٹ کے ذریعے ان سے بدلہ لیں۔ پاکستان کے موجودہ اور سابقہ حکمرانوں نے کشمیریوں کے لیے زبانی جمع خرچ کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔

سراج الحق نے کہا اللہ تعالیٰ نے ہمیں اقتدار دیا تو ہم لوگوں کو انصاف دیں گے، یکساں نظام تعلیم رائج کریں گے۔ سرکاری زمینوں کو نوجوانوں میں تقسیم اور انھیں بلاسود قرضے دیے جائیں گے۔ سودی نظام کا خاتمہ کرکے ملک کو اسلامی نظام معیشت دیں گے۔ کنونشن سے لیاقت بلوچ اور امیر العظیم نے بھی خطاب کیا۔