عمران خان کی گرفتاری اور سزا کے فیصلے پر حریم شاہ کی دھمکی

اسلام آباد(اُمت نیوز)توشہ خانہ فوجداری کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری اور سزا کے فیصلے پر ان کی مداح ٹک ٹاکرحریم شاہ نے دھمکی آمیز ٹویٹ میں اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم سیکرٹریٹ تک رسائی اور وہاں ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے والی حریم شاہ کی بڑی وجہ شہرت معروف سیاستدانوں اور بڑی شخصیات کے ساتھ تصاویر اور ان سے متعلق بیانات ہیں۔
تحریک عدم اعتماد کے نتیجے میں عمران خان کی حکومت جانے کے بعد سے وہ اکثر پی ٹی آئی کے مخالف سیاستدانوں کو ویڈیو یا آڈیوز لیک کرنے کی دھمکی دیتی رہتی ہیں ۔
ڈسٹرکٹ اینڈٖ سیشن کورٹ کی جانب سے عمران خان کو3 سال قید کی سزا پر حریم شاہ نے کسی کا نام لیے بغیر اپنی ٹویٹ میں لکھا، ’ سُننے والے سن لیں اگر عمران خان صاحب کو گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی تو اپنے فون میں موجود تمام پکس اور وڈیوز سوشل میڈیا پر اپلوڈ کردوں گی’۔
اسی اثناء میں زمان پارک لاہور سے عمران خان کی گرفتاری کی خبر سامنے آنے پرحریم شاہ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی حمایت میں کی جانے والی ٹویٹس میں لکھا کہ ان کاجُرم یہ ہے کہ وہ غریبوں کے بارے میں سوچتے ہیں اور اشرافیہ کو بےنقاب کرتے ہیں۔
حریم نےسابق وزیراعظم نواز شریف کو بھی تنقید کانشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ، ’پاکستانیوں کا پیسہ لوٹ کر بیرون ملک جائیدادیں بنانے والا لندن میں مزے کررہا ہے اور فری علاج والے تین کینسر اسپتال بنانے والا غیرمنصفانہ سزا بھگت رہا ہے۔ ویلکم ٹو پاکستان!‘۔
واضح رہے کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے عمران خان کو توشہ خانہ فوجداری کیس میں 3 سال قید کی سزا سناتے ہوئے 5 سال کیلئے نااہل قراردیا ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور نے عمران خان کع بدعنوانی کا مرتکب قراردیتے ہوئے ایک لاکھ روپے جُرمانہ بھی عائد کیا ہے جس کی عدم ادائیگی پر انہیں مزید 6 ماہ قید کی سزا ہوگی۔