اسلام آباد(اُمت نیوز)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چئیرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد ان کے سپورٹرز کو ایسا مشورہ دیا ہے جو صحافیوں کے مطابق ان کیلئے مصیبت ثابت ہوسکتا ہے۔
گزشتہ رات خواجہ آصف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری ایک پیغام میں لکھا، ’جب ذوالفقار علی بھٹو کو گرفتار کیا گیا تو جیالوں نے خود پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا لی تھی‘۔
انہوں نے ”منقول“ کا صیغہ استعمال کرتے ہوئے پنجابی میں مزید لکھا، ’ یوتھیوں ساڈا کم سی دسنا، اگوں تہاڈی مرضی’۔ (یوتھیوں ہمارا کام بتانا تھا آگے تمہاری مرضی)۔
بظاہر خواجہ آصف نے عمران خان کے سپورٹرز کو احتجاجاً خودکشی کا مشورہ دیا ہے۔
جس پر ردعمل کا اظہار اور خواجہ آصف کو خبردار کرتے ہوئے خاتون صحافی ملیحہ ہاشمی نے لکھا، ’خواجہ صاحب، خیال کریں۔ اگر آپ کا یہ مشورہ کسی جذباتی پی ٹی آئی سپورٹر نے آپ پر آزما کر اپنے دکھ کا اظہار کر دیا اور اس کا ذمہ دار بھی آپ ہی کو ٹھہرا دیا تو کام خراب ہو جانا ہے۔‘
ملیحہ ہاشمی نے لکھا،’نہ پٹھے (الٹے) مشورے دیں نوجوانوں کو، تواڈے کھتے نہ پے جاۓ تواڈا نادر مشورہ (آپ کا نادر مشورہ آپ کے پلے نہ پڑ جائے)۔
خواجہ آصف کے اس ٹوئٹ پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔