مقبوضہ کشمیر میں جھڑپ، 3 بھارتی فوجی ہلاک

سری نگر(اُمت نیوز)بھارت کے زیر قبضہ کشمیر میں جنگجوؤں کے ساتھ جھڑپ کے دوران 3 فوجی ہلاک ہوگئے۔
پولیس کے مطابق جنوبی وادی ہالان کے جنگلات میں مسلح کشمیریوں کی تلاش میں فوج گشت کر رہی تھی کہ جمعے کی رات گئے جنگجوؤں کے ساتھ جھڑپ کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 3 اہلکار زخمی ہو گئے۔ پولیس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ تینوں زخمی اہلکار بعد میں دم توڑ گئے، کشمیری جنگجوؤں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری تھا۔
پی ڈی پی رہنما محبوبہ مفتی نے ٹوئٹر پر حراست میں لیے گئے پارٹی عہدیدار کی فوٹیج شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں رائے عامہ کو دھوکا دینے کیلئے یہ سب کچھ کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر نظم و نسق برقرار رکھنے کے لیے سری نگر کے تجارتی اضلاع کے آس پاس سیکڑوں پولیس اور نیم فوجی دستوں کو تعینات کیا گیا تھا۔
یکجہتی کے اظہار کیلئے مظاہروں کے دوران سری نگر میں شہر کی دکانیں اکثر بند رہتی ہیں لیکن شہر کے دکانداروں کی نمائندگی کرنے والی تجارتی انجمنوں کے 2 ارکان نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا کہ پولیس کی جانب سے دکانداروں کو زبانی طور پر ہدایت کی گئی کہ وہ دن بھر دکانیں کھلی رکھیں۔ یاد رہے کہ اگست 2019 کے بعد سے کشمیریوں اور سرکاری فورسز کے درمیان جھڑپوں میں نمایاں کمی آئی ہے۔ سال کے آغاز سے اب تک کم از کم 63 افراد مارے جا چکے ہیں جن میں 9 عام شہری، 16 سرکاری اہلکار اور 38 کشمیری جنگجو شامل ہیں۔ نوجوانوں کی جانب سے ان کشمیری گروپوں میں شمولیت کا سلسلہ جاری ہے جو کئی دہائیوں سے خطے کی آزادی یا اس کے پاکستان کے ساتھ الحاق کا مطالبہ کر رہے ہیں اور اس کے لیے لڑ رہے ہیں۔