سکھر: نواب شاہ میں سرہاری ریلوے اسٹیشن کے قریب کراچی سے پنڈی جانے والی ٹرین ہزارہ ایکسپریس کی 10بوگیاں پٹڑی سے اترکر الٹ گئیں، جس کے نتیجے میں 30 افراد جاں بحق،100 زخمی ہو گئے۔
نجی ٹی وی کے مطابق سرباری ریلوے سٹیشن کے قریب ہزارہ ایکسپریس کو حادثہ پیش آیا ، حادثے میں ٹرین کی10بوگیاں ٹریک سے اترکر الٹ گئیں،حادثے میں 100 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں،مسافروں کو بوگیوں سے نکالنے کا کام جاری ہے، قریبی ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
حادثہ پیش آنے والی ہزارہ ایکسپریس میں 1000 سے زیادہ مسافر بک تھے، حادثہ سرہاری اسٹیشن کے ایڈوانس سگنل کے قریب پیش آیا۔
حادثے کے بعد کراچی سے اندرون ملک جانے اور آنے والے دونوں ٹریک بند کر دیے گئے جبکہ کوٹری سے ریلیف ٹرین جائے حادثہ پر روانہ کی جا چکی ہے۔
ترجمان پاکستان ریلویز کراچی کے مطابق بریک دیر سے لگنے کی وجہ سے حادثے نے شدت اختیار کی، متاثرہ ٹرین کی 8 بوگیاں پٹری سے اتریں۔ حادثے کے نتیجے میں کراچی سے روانہ ہونے والی ٹرینوں میں تاخیر کا امکان ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ نقصان کا اندازہ ابھی نہیں لگایا جاسکتا، چند گھنٹوں میں مشینوں کی مدد سے متاثرہ بوگیوں کو اٹھالیا جائے گا۔