کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبائی ہم آہنگی و عملدرآمد کمیٹی کے 11 ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے KCR منصوبہ شروع کرنے کیلئے کراچی اربن ٹرانسپورٹ کمپنی کو لینے کا فیصلہ کرلیا اور کہا کہ ملیر ایکسپریس وے کے اراضی مسائل حل کئے جائیں تاکہ کام کی رفتار تیز ہو۔
اجلاس میں صوبائی وزراء، میئر کراچی، کور کمانڈر کراچی، چیف سیکریٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی، کمشنر کراچی و دیگر نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ کراچی اربن ٹرانسپورٹ کمپنی KCR شروع کرے گی، کمپنی وفاقی حکومت کے کنٹرول میں ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ KUTC سنبھالنے کیلئے وزیراعظم سے بات کریں گے۔
وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ ریلوے نے KCR کے رائٹ آف وے حوالے کرنے کیلئے زمین کی مساوی قیمت کا مطالبہ کیا ہے۔ جس پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریلوے حکام کو ریلوے مقاصد کیلئے زمین دی تھی، کے سی آر بھی ٹرین ہے تو پھر ریلوے حکام زمین کی قیمت کیوں مانگ رہے ہیں؟۔وزیراعلیٰ نے ڈی ایس ریلوے کو ہدایت کی کہ وہ اس مسئلے کو حل کریں۔ادھر سسی ٹول پلازہ پر اسمارٹ سرویلنس سسٹم کے افتتاح پر خطاب میں وزیراعلیٰ نے کہا ہےکہ اب کراچی سے قومی و صوبائی اسمبلیوں میں بھی سب سے زیادہ نشستیں پیپلز پارٹی جیتے گی اور بلاول وزیراعظم بنیں گے۔انہوں نے کہا کہ اسمارٹ سرویلنس سسٹم داخلی و خارجی راستوں کیلئے مربوط سکیورٹی سسٹم ہوگا، رواں ماہ کے آخر تک تمام ٹول پلازہ سسٹم سے منسلک کرلئے جائیں گے۔