اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا ء اللہ کا کہنا ہے کہ نگران وزیراعظم کے لیے سابق وزیر خزانہ حفیظ شیخ اور سپریم کورٹ کے ایک ریٹائرڈ جج کا نام شارٹ لسٹ ہونے والوں میں شامل ہے۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی سے گفتگو کرتےہوئے رانا ثنا ء اللہ کا کہنا تھا کہ یہ افواہیں پھیلائی جارہی تھیں کہ نگران وزیراعظم کے لیے اسحاق ڈار او شاہد خاقان عباسی کے نام زیر غور ہیں لیکن ایسا ہرگزنہیں ہے، نگران وزیراعظم کے لیے شارٹ لسٹ ہونے والوں میں اسحاق ڈار اور شاہد خاقان عباسی کا نام شامل نہیں ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ منگل یا بدھ تک نگران وزیراعظم کے نام کا فیصلہ ہوجائےگا۔
واضح رہے کہ نگران وزیراعظم کے لیے بہت سی شخصیات کے نام سامنے آرہے تھے،سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود کے بارے میں بھی یہ کہا جارہا تھا کہ وہ بھی نگران وزیراعظم کی دوڑ میں شامل ہیں انہیں پنجاب میں سابق صدر آصف علی زرداری کے قریبی ساتھیوں میں شمار کیاجاتا ہے ۔